پاکستان
22 فروری ، 2012

میمو کمیشن کے اجلاس میں منصور اعجاز کا حلف، زاہد بخاری کی استدعا

میمو کمیشن کے اجلاس میں منصور اعجاز کا حلف، زاہد بخاری کی استدعا

اسلام آباد… جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیرصدارت میمو تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد ہائی کورٹ میں جاری ہے جبکہ دوسری جانب لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں موجود اسکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز نے کمیشن کے سامنے حلف لیا۔ حلف لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر میں جھوٹ بولوں تو خدا کا قہر مجھ پر نازل ہو۔اس کے علاوہ منصور اعجاز کا پاسپورٹ بھی وڈیو لنک کے ذریعے کمیشن کے اراکین کو دکھایا گیا۔ سیکریٹری کمیشن نے وڈیو لنک کے ذریعے اسکرین پر نظر آنے والے شخص کی بطور منصور اعجازتصدیق کی۔ تحقیقاتی کمیشن نے منصور اعجاز سے سوال کیا کہ کیا آپ اردو بو ل سکتے ہیں،جس کے جواب میں منصور اعجاز کا کہنا تھا کہ نہیں میں اردو نہیں بول سکتا۔ سماعت کے دوران حسین حقانی کے وکیل زاہد بخاری نے منصور اعجاز پر جرح کرنے کیلئے لندن جانے کی اجازت مانگی اور کہا کہ کارروائی میں کچھ مزید تاخیر کی جائے تاکہ میں لندن پہنچ سکوں، مجھے ویزا کل ملا جس کی وجہ سے لندن بروقت پہنچا ممکن نہ تھا، تاہم یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ کمیشن منصور اعجاز کا بیان آج ہی ریکارڈ کرے گا۔ زاہد بخاری نے استدعا کی کہ منصور اعجاز کا بیان شارٹ ہینڈ میں ریکارڈ نہ کیا جائے۔

مزید خبریں :