29 اپریل ، 2023
نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی ٹیم مینجمنٹ دوسرے ایک روزہ میچ کے لیے روٹیشن پالیسی کو اپنانا چاہتی ہے جس کے تحت قومی ٹیم میں ایک دو تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے شاداب خان کو آج کے میچ کے لیے آرام کروائے جانے پر غور ہو رہا ہے اور ان کی جگہ اسامہ میر کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح شاہین شاہ آفریدی یا حارث رؤف کو بھی روٹیشن پالیسی کے تحت آج کے میچ کے لیے آرام دیا جا سکتا ہے تاہم اسپیشلسٹ بیٹرز میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق حارث سہیل کندھے کی انجری سے صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں اور وہ دوسرے ون ڈے کے لیے بھی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
ذرائع پی سی بی کا بتانا ہے کہ اگر پاکستان پہلے تین میچز جیت جاتا ہے تو پھر باقی میچز میں بینچ اسٹرینتھ کو آزمایا جائے گا۔