کھیل
Time 03 مئی ، 2023

پاک نیوزی لینڈ سیریز: فخر اور افتخار احمد نے کراچی والوں سے خصوصی درخواست کر دی

فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب
فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرے ون ڈے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹرز فخر زمان اور افتخار احمد نے کراچی کے عوام سے خصوصی درخواست کر دی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل آج کراچی میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کے پہلے دو میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے جس میں پاکستان نے باآسانی کیویز کو شکست دے کر   پانچ میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کی۔

پاک نیوزی لینڈ ون ڈے  سیریزکے باقی 3 میچز کراچی میں کھیلے جانے ہیں، سیریز کا تیسرا میچ آج  سہہ پہر ساڑھے  3 بجے شروع ہوگا۔

تیسرے میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر فخر زمان اور افتخار احمد نے کراچی کے عوام سے خصوصی درخواست کرتے ہو کہا کہ زیادہ سے زیادہ شائقین میچ دیکھنے اسٹیڈیم آئیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں فخر زمان نے کراچی کے عوام سے درخواست کی کہ 'ہم آپ کے شہر میں آگئے ہیں ، ہم یہاں 3 ون ڈے میچز کھیلیں گے، لاہور اور پنڈی اسٹیڈیم میں بہت زبردست کراؤڈ دیکھنے کو ملا،میں امید کرتا ہوں کہ کراچی کا کراؤڈ ہمیں مایوس نہیں کرے گا'۔

  اسی طرح افتخار احمد نے بھی درخواست کی کہ کراچی والوں آپ اسٹیڈیم آئیں اور سیریز کے باقی کے 3 میچز کو انجوائے کریں۔ 

واضح رہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں فخر زمان کی سنچری کی بدولت 289 رنز کا ہدف پانچ وکٹ پر حاصل کیا تھا جبکہ دوسرے ون ڈے میں بھی337 رنز کا ہدف فخر زمان کی شاندار 180 رنز کی اننگز کی بدولت صرف تین وکٹ پر پورا کر کے سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کی ۔

مزید خبریں :