دنیا
Time 03 مئی ، 2023

سربیا کے اسکول میں 14 سالہ نوجوان کی فائرنگ سے 9 افراد ہلاک، 7 زخمی

ساتویں کلاس کے 14 سالہ طالبعلم نے اپنی کلاس میں جاکر پہلے ٹیچر کو گولی ماری اور بعد میں کلاس میں موجود طالبعلموں پر گولیاں برسانا شروع کردیں: عینی شاہدین — فوٹو: رائٹرز
ساتویں کلاس کے 14 سالہ طالبعلم نے اپنی کلاس میں جاکر پہلے ٹیچر کو گولی ماری اور بعد میں کلاس میں موجود طالبعلموں پر گولیاں برسانا شروع کردیں: عینی شاہدین — فوٹو: رائٹرز

سربیا کے دارالحکومت بلغراد کے اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں آٹھ طالبعلم اور ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بلغراد کے ایلیمینٹری اسکول میں 14 سالہ نوجوان کی فائرنگ کے نتیجے میں 6 طالبعلم اور ایک ٹیچر سمیت سات افراد زخمی بھی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ساتویں کلاس کے 14 سالہ طالبعلم نے اپنی کلاس میں جاکر پہلے ٹیچر کو گولی ماری اور بعد میں کلاس میں موجود طالبعلموں پر گولیاں برسانا شروع کردیں۔

کلاس روم سے زندہ بچ نکلنے میں کامیاب ہونے والی طالبہ میلان میلوسیوک نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا لڑکا بہت ہی خاموش اور خوش اخلاق تھا اور حال ہی میں اس نے ہمارا اسکول جوائن کیا تھا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ میں ملوث ساتویں کلاس کے چودہ سالہ طالبعلم کو گرفتار کر لیا ہے، واقعے کے محرکات کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

سربیا کی وزارت داخلہ کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے،  زخمی ٹیچر کی حالت انتہائی نازک ہے ڈاکٹرز ان کی زندگی بچانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں جبکہ ایک طالبہ کے سر میں گولی لگی ہے جس کا آپریشن کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ سربیا میں اسلحے سے متعلق سخت قوانین کے باعث فائرنگ کے واقعات کی تعداد بہت کم  ہے تاہم اس سے قبل 2013 میں فائرنگ کے واقعے میں 14 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 2007 میں پیش آئے ایک واقعے میں 9 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے تھے۔

مزید خبریں :