سیریز ہاتھ سے نکل جانے کے بعد ہینری بقیہ میچز جیتنے کیلئے پُرعزم

فوٹو: جیو نیوز فائل
فوٹو: جیو نیوز فائل

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری کا کہنا ہے کہ اعتماد تھا کہ تیسرے ون ڈے میں ہم ہدف کو عبور کرسکتے ہیں، بہتر ہوتا اگر ہم پاکستان کو تھوڑے کم اسکور پر محدود کرتے۔

پاکستان نے بدھ کو تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 26 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 287 رنز بنائے۔امام الحق نے 90 اور بابر اعظم نے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 3 ، ایڈم ملنے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

288 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 49.1 اوورز میں 261 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

میچ کے بعد جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے میٹ ہینری نے کہا کہ اگر ہم بہتر بیٹنگ کرتے اور پارٹنر شپس بناتے تو یہ میچ جیت سکتے تھے البتہ صرف شراکت نہ ملنے کو شکست کا ذمہ دار نہیں قرار دوں گا۔

میٹ ہینری نے کہا کہ ہم نے میچ میں کچھ غلطیاں کیں، پاکستان نے خود کو ہم سے آگے رکھا، پاکستان نے اچھی بیٹنگ کر کے اسکور 287 تک پہنچایا تھا، میچ ہارنے کا افسوس ہے مگر یہاں سے مثبت چیزیں بھی ملی ہیں۔

کیوی فاسٹ بولر نے امید ظاہر کی کہ دو روز میں جب واپس آئیں گے تو اچھے نتائج دیں گے، ورلڈ کپ ابھی دور ہے، ہمارا فوکس اس دورے پر ہے، ہماری ٹیم میں نوجوان پلیئرز ہیں، ان کو تجربہ ملنا کافی اچھی بات ہے۔

میٹ ہینری نے کہا کہ کوشش ہے کہ پاکستان میں بہتر سے بہتر پرفارم کریں اور یہاں کا تجربہ حاصل کریں،جو چھوٹے، چھوٹے سبق یہاں حاصل کریں گے وہ ہمارے لیے کافی اہم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ اگلے میچز میں ہم چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر قابو پائیں، میرے خیال میں نیوزی لینڈ کی ٹیم درست سمت میں جارہی ہے۔

مزید خبریں :