کھیل
Time 03 مئی ، 2023

نیوزی لینڈ کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست، پاکستان کو فیصلہ کن برتری حاصل

سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 287 رنز بنائے— فوٹو: پی سی بی
سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 287 رنز بنائے— فوٹو: پی سی بی

 کراچی :  پاکستان نے تیسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 26 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 287 رنز بنائے۔

اوپنر امام الحق اور فخر زمان کے درمیان 37 رنز کی شراکت ہی ہوسکی، فخر زمان 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ پر کپتان بابر اعظم اورامام الحق نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، دونوں نے 108 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی جس میں بابر اعظم کا حصہ 54 رنز کا رہا۔

عبداللہ شفیق 19 رنز بناکر پویلین لوٹے، 90 رنز کی شاندار  باری کھیلنے والے امام الحق 192 کے مجموعی اسکور پر میدان سے باہر گئے۔

آغاسلمان نے 31 جبکہ محمد رضوان نے 32 رنز بنائے،  شاداب خان 21 اور محمد نواز 11رنز پر ناقابل شکست رہے ۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری نے 3 ، ایڈم ملنے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

288 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 49.1 اوورز میں 261 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ، نسیم شاہ اور وسیم جونیئر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی 12 سال بعد نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی ہے۔ پاکستان نے 2011 میں آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتی تھی۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم  نے ٹاس جیت کر  پاکستان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی  تھی۔

ٹاس  کے بعد کی گئی گفتگو میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں3 تبدیلیاں کرتے ہوئے فاسٹ بولر حارث رؤف، احسان اللہ اور اسامہ میر ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ ان تینوں  کی جگہ شاداب خان ، محمد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔

5 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کو 3 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔ سیریز کا چوتھا ور پانچواں ون ڈے 5 اور 7 مئی کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :