Time 06 مئی ، 2023
کھیل

کرکٹ کی تاریخ کا مہنگا ترین اوور: جب بولر نے ایک اوور میں77 رنز دیے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اگر آپ سے  پوچھا جائے کہ کرکٹ میچ کے دوران ایک اوور میں سب سے زیادہ کتنے رنز بنے ہیں تو یقیناً آپ کے ذہن میں یووراج سنگھ، ہرشل گبز، کیرون پولارڈ جیسے نام ضرور آئیں گے کیوں کہ انہوں نے ایک اوور میں لگاتار 6 چھکوں کی مدد سے 36 رنز اسکور  کیے ہوئے ہیں۔

عام خیال بھی یہی کیا جاسکتا ہے کہ ایک اوور کی 6 گیندوں پر مسلسل 6 چھکے لگنے کے بعد یہی اوور کرکٹ کی تاریخ کے سب سے مہنگے ترین اوور ہوں گے لیکن یہ خیال بالکل غلط ہے۔

ہم آپ کو اگر یہ بتائیں کے ایک اوور میں 77 رنز بھی بن چکے ہیں تو کیا آپ اس بات پر یقین کریں گے؟

جی ہاں! آپ کو یقین کرنا پڑے گا کیوں کہ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا بھی ہوچکا ہے جب بولر نے ایک اوور میں 77 رنز دے کر سب سے مہنگا ترین اوور کرایا۔ 

یہ بات ہے 1990 کی جب نیوزی لینڈ کے ایک فرسٹ کلاس میچ کے دوران آف بریک  بولر رابرٹ ہورڈ وینس نے کرکٹ کی تاریخ کا مہنگا ترین اوور ڈالا۔  

کرک انفو کے مطابق نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شیل ٹرافی میں ویلنگٹن اور کینٹربری کی ٹیموں کے درمیان میچ کے آخری روز  ویلنگٹن کے بولر برٹ ہوورڈ وینس نے ایک اوور میں 77 رنز دے کر کرکٹ کی تاریخ کا بدترین ریکارڈ اپنے نام کیا۔

یہ ویلنگٹن کا سیزن کا آخری میچ تھا اور اسے ٹرافی جیتنے کے لیے اس میں واضح فتح درکار تھی۔ میچ کے آخری دن ویلنگٹن نے اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی اور  کینٹربری کو 59 اوورز میں 291 رنز کا ہدف ملا۔ 

جواب میں کینٹربری کی خراب شروعات ہوئی اور صرف 108 کے اسکور پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ایسی مشکل صورتحال میں کینٹربری کے بیٹرز لی جرمن اور راجر فورڈ کی شراکت داری بنی اور میچ ممکنہ طور پر ڈرا کی جانب جارہا تھا۔

پورے دن کھیل جاری رہنے کے بعد صورتحال ایسی ہوئی کینٹربری کو جیت کے لیے 2 اوورز میں 95 رنز درکار تھے جبکہ ویلنگٹن کو 2 وکٹیں چاہیے تھیں، میچ بظاہر ڈرا ہوتا نظر آرہا تھا۔

ایسے میں  ویلنگٹن کے کپتان نے اپنے ٹیم کے بیٹر برٹ وینس کو گیند تھمائی (جنہوں نے  اپنے پورے کیریئر میں بہت کم مواقع پر ہی بولنگ کی)اور انہیں اوور کرنے کو کہا، کپتان کو کیا معلوم تھا کہ یہ اوور انہیں کتنا پریشان کرسکتا ہے۔

برٹ وینس کا اوور شروع ہوا اور دنیا نے پھر وہ دیکھا جو آج سے پہلے کرکٹ کی تاریخ میں نہیں ہوا تھا،  ویلنگٹن کے بولر نے فل ٹاس کروا، کرواکر نو بالز پر نو بالز کروانا شروع کردیں،اوور کی شروع کی 17 گیندوں میں سے صرف ایک لیگل ڈیلیوری پھینکی گئی۔

برٹ کی فل ٹاس نوبالز پر جرمن نے چھکوں کی برسات کردی اور5 نوبالز پر لگاتار 5  چھکے مارے، ایک وقت پر ایسا لگنے لگا کہ میچ میں وہ کامیابی بھی حاصل کرلیں گے۔

جرمن نے اس اوور میں مجموعی طور پر 8 چھکے اور 5 چوکے مارے اور اپنی سنچری بھی مکمل کی جبکہ فورڈ نے 2 گیندیں کھیلیں اور 5 رنز بنائے۔

اوور میں چھکے چوکوں کی برسات کی وجہ سے اسکوررز اور اسکور بورڈ آپریٹر پریشان ہوگئے اور اسکور بورڈ پر اسکور اپڈیٹ کرنے میں پریشانی ہوگئی جبکہ امپائر نے بھی صرف 5 لیگل ڈیلیوریز کے بعد اوور ختم کر دیا۔

 برٹ وینس نے مجموعی طور پر اوور میں 22 گیندیں( جس میں صرف 5 لیگل ڈیلیوریز تھیں) کرائی اور 77 رنز دیے جو کہ  فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ کا سب سے مہنگا ترین اوور ہے۔

فوٹو: کرک انفو اسکرین شاٹ
فوٹو: کرک انفو اسکرین شاٹ

 حیران کن اوور ختم ہونے کے بعد کینٹربری کو میچ جیتنے کے لیے آخری اوور میں 18 رنز درکار تھے، ویلنگٹن کے بولر ایون گرے نے آخری اوور کروایا اور 5 گیندوں پر 17 رنز دے دیے اور اسکور برابر ہوگیا۔

تاہم چھکے چوکوں کی برسات کے باعث برٹ وینس کے اوور کا اسکور بھی اب تک اسکور آپریٹر کی جانب سے بورڈ پر اپڈیٹ نہیں کیا گیا تھا اس وجہ سے آخری اوور میں کتنے رنز درکار تھے  کینٹربری کے بیٹرز کو نہیں معلوم تھا اور یہی وجہ بنی کے  کینٹربری کے بیٹر فورڈ نے  ایون گرے کے اوور کی آخری گیند روک لی اور کوئی اسکور نہیں بنا، اس طرح یہ میچ برابری کے ساتھ ڈرا ہوگیا۔ 

فوٹو: کرک انفو اسکرین شاٹ
فوٹو: کرک انفو اسکرین شاٹ

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سےمہنگا اوور اسٹورٹ براڈ نے کرایا، جنہیں بھارت کے یووراج سنگھ نے 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک اوور میں 6 چھکے مارے تھے۔

 ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے مہنگا اوور نیدرلینڈز کے وین بونگے نے 2007 میں کرایا جب جنوبی افریقا کے ہرشل گبز نے ان کے خلاف اوور میں 6 چھکے مارے۔ 

مزید خبریں :