22 فروری ، 2012
اسلام آباد… میموگیٹ اسکینڈل کے تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس فائز قاضی عیسیٰ کی زیر صدارت جاری ہے جبکہ دوسری جانب لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں اسکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز وڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرا رہے ہیں جس کے دوران انہوں نے پاکستانی کے سیاسی اور عسکری رہنماوٴں سے تعلقات کا اعتراف کیا۔ اپنے بیان میں منصور اعجاز نے کہا کہ تمام باتیں تحریری طور پر دے دی ہیں جو صحیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2003 میں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل احسان الحق سے برسلزمیں ملاقات ہوئی جبکہ جنرل پرویزمشرف سے2005یا2006میں لندن میں ملاقات ہوئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی حکام کی ساتھ میرے تعلقات کم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی صدر آصف زرداری سے آخری ملاقات2009میں ہوئی تھی۔ اس سے قبل حسین حقانی کے وکیل زاہدبخاری کی جانب سے بارباراعتراض اٹھانے پرکمیشن نے برہمی کا اظہار کیا۔ زاہد بخاری کاکہنا تھا کہ منصوراعجاز کے تحریری بیان کوزبانی بھی ریکارڈ کیاجائے۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا کہنا تھا کہ آپ بارباراعتراضات کرکے عدالت کی معاونت نہیں کررہے۔