پاکستان
25 دسمبر ، 2012

کراچی: گلشن اقبال میں فائرنگ، اورنگزیب فاروقی زخمی، 4 افراد جاں بحق

کراچی: گلشن اقبال میں فائرنگ، اورنگزیب فاروقی زخمی، 4 افراد جاں بحق

کراچی … گلشن اقبال کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی زخمی ہوگئے، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، واقعے میں ان کے 3 محافظ اور ڈرائیور جاں بحق ہوگئے، آج فائرنگ کے واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق گلشن اقبال میں موتی محل کے قریب نامعلوم افراد نے مولانا اورنگزیب فاروقی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے ان کے 3 محافظ اور ڈرائیور جاں بحق ہوگئے جبکہ اورنگزیب فاروقی بھی زخمی ہوئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ترجمان اہلسنت والجماعت اکبر سعید نے اورنگزیب فاروقی پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ واقعے کے بعد مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی جبکہ اسٹیڈیم روڈ پر مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا۔ واقعے کے بعد گلشن اقبال کے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں پولیس گارڈ ہیں جبکہ ایک اور زخمی اے ایس آئی کی حالت تشویشناک ہے۔دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں بھی 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور آج ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق اورنگی ٹاوٴن نمبر 5 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے غلام حیدر جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا، مقتول اہلسنت والجماعت کا کارکن تھا۔ پرانا حاجی کیمپ سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔ ڈیفنس کے علاقے فیز فائیو میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو ہلاک کردیا، مقتول کی شناخت شاہ زیب کے نام ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول ڈی ایس پی اورنگزیب کا بیٹا تھا جو اپنی بہن کے ولیمے سے واپس جارہا تھا۔ اس سے قبل گلشن اقبال بلاک نمبر 6 سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

مزید خبریں :