09 مئی ، 2023
قومی کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بیٹر فخر زمان کو اپریل کا آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ ہفتے پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کیا تھا جس میں فخر زمان سمیت سری لنکا کے پرابتھ جے سوریا اور نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین شامل تھے۔
فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی سرزمین پر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو سنچریوں کی مدد سے 363 رنز بنائے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
اپنے اس اعزاز پر ردعمل دیتے ہوئے فخر زمان نے ٹوئٹ بھی کی۔
کرکٹر نے لکھا جس طرح سے چیپمین بھائی نے ٹی ٹوئنٹی میں ہمیں کوٹا تھا، مجھے لگا تھا اسی کو ملےگا لیکن میں ان تمام ووٹرز اور مداحوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ کیا۔
واضح رہےکہ اس وقت فخر زمان ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر ہیں جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران ہی حاصل کی تھی۔