25 دسمبر ، 2012
بنگلور…پاکستان نے بھارت کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دیدی،اور مقررہ ہدف134 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر 19.4اوورز میں حاصل کرلیا، کپتان محمد حفیظ کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔پاکستان کی جیت میں مرکزی کردار کپتان محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ادا کیا ۔اس سے قبل بنگلور کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس گرین شرٹس قائد محمد حفیظ نے جیتا اور بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس پر دھونی الیون نے اپنے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 133رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔جواب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 12پر پاکستان کے صف اول کے تین بلے باز پویلین لوٹ گئے تاہم اس موقع پر کپتان حفیظ 61اور شعیب ملک 57کے درمیان 106رن کی میچ وننگ شراکت قائم ہوئی، اور جب پاکستان کی پانچویں وکٹ گری تو پاکستان کو جیت کے لیے صرف گیارہ رنز درکار تھے،جو سیٹ بیٹسمین شعیب ملک اور تجربہ کار شاہد خان آفریدی نے پورے کرکے پاکستان کو آخری اوور کی چوتھی گیند پر کامیابی دلادی ۔بھارت کی جانب سے بھوینش کمار نے تین جبکہ اشوک ڈینڈا اور اشانت شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اب 28دسمبر کو دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اورآخر ی ٹی میچ احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔