26 دسمبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ہم ملک سے کرپٹ پولیٹیکل سسٹم، دولت اورموروثی نظام سیاست اور فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کی انقلابی جدوجہد میں ڈاکٹرطاہرالقادر ی کے ساتھ ہیں، پورے پاکستان بالخصوص پنجاب کے ایم کیوایم کے کارکنان جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کیلئے اپنے بازوٴں اورجسم کوتواناکرلیں۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری کی14 جنوری کی کال کیلئے ذہنی وجسمانی طورپرتیارہوجائیں اوراس سلسلے میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے حتمی اعلان کاانتظارکریں ۔ انہوں نے یہ بات آج تحریک منہاج القرآن کے سربراہ پروفیسرڈاکٹرطاہرالقادری سے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔ دونوں رہنماوٴں کے درمیان 23دسمبر کے لاہور کے تاریخی جلسہ عام کے بعد پیداہونے والی صورتحال، 14جنوری کے لانگ مارچ اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ہم ملک سے کرپٹ اور فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمہ کیلئے ایوانوں کے اندراورباہر جدوجہد کرتے رہے، ہم1988ء سے لیکرآج تک ہرسال بجٹ میں جاگیرداروں کی زرعی آمدنی پر ٹیکس کیلئے آواز اٹھاتے رہے لیکن اسمبلیوں میں ہماری اس آواز کوہمیشہ بلڈوز کردیا گیا کیونکہ سوائے ایم کیوایم کے ارکان کے باقی پارلیمنٹ بڑے بڑے جاگیرداروں ، وڈیروں ،سرداروں اورسرمایہ داروں پرمشتمل رہی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹرطاہرالقادری نے الطا ف حسین کی بھرپورحمایت وتعاون پر ان کاشکریہ اداکیااورکہاکہ ایم کیوایم اورتحریک منہاج القرآن میں یہی چیز قدر مشترک ہے کہ دونوں ملک سے کرپٹ جاگیردارانہ نظام کاخاتمہ چاہتی ہیں ، اس سے بڑھ کرکوئی اورمشترکہ ایجنڈا نہیں ہوسکتا۔ یقیناایم کیوایم نے غریب ومتوسط طبقہ سے قیادت ایوانوں میں بھیجی، اس میں کوئی جاگیرداروڈیرہ نہیں ہے، سب سیلف میڈ لوگ ہیں، اگرانتخابی نظام میں اصلاحات کرائے بغیرالیکشن کرائے گئے تو400کی اسمبلی میں انقلاب اور عوام کی بات کرنے والے وہی ایم کیوایم کے 25 ارکان بیٹھے ہوں گے اورنظام میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔نظام میں تبدیلی کیلئے انتخابی اصلاحات ہوں گی توملک میں صحیح قیادت آئے گی اورہم ملک کو مسائل سے نکال سکیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے الطاف حسین سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرانیس احمدقائم خانی کے والدہدایت علی کے انتقال پربھی دلی تعزیت کا اظہار کیااورمرحوم کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔