22 فروری ، 2012
کراچی…سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن نے سرمایہ کاروں کو تحفظ نہ دینے اور قوانین کی خلاف ورزی پر متعدد کمپنیوں اور آڈیٹرز کے خلاف کارروائی کی ہے۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ ایک کمپنی کے کھاتوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈائریکٹر زنے کمپنی کا سرمایہ اپنے ذاتی اکاوٴنٹس میں منتقل کیا ہے اور کمپنی میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو کوئی منافع نہیں دیا گیا۔ اسی طرح ایک لسٹڈ کمپنی کا پیسہ ایک ڈائریکٹر کی نجی کمپنی میں منتقل کرنے کا کیس بھی سامنے آیا ہے۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور غلط معلومات فراہم کرنے پر متعدد کمپنیوں کے ڈائریکٹرز کے علاوہ آڈیٹرز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور رقوم کی مشکوک منتقلی پر اسٹیٹ بینک سے بھی رابطہ کیا گیاہے۔