کھیل
Time 15 مئی ، 2023

عامر نے بابر کو ٹیل اینڈر کہنے سے متعلق بیان پر وضاحت کردی

میں بابر کو آج بھی پاکستان کا بہترین پلیئر مانتا ہوں، ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں: کرکٹر کی انٹرویو میں گفتگو/ فائل فوٹو
میں بابر کو آج بھی پاکستان کا بہترین پلیئر مانتا ہوں، ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں: کرکٹر کی انٹرویو میں گفتگو/ فائل فوٹو 

کرکٹر محمد عامر  کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران بابر اعظم اور ٹیل اینڈر کو بولنگ کروانے سے متعلق میرے بیان کو ویوز  اور چورن بیچنے کیلئے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کی ویڈیو محمد عامر کی جانب سے اپنے یوٹیو ب چینل  پر بھی شیئر کی گئی جس میں انہیں بابر اعظم کی کپتانی اور پی ایس ایل کے دوران  دیے گئے اپنے بیان سے متعلق وضاحت پیش کرتے دیکھا گیا۔

اب کپتان کی تبدیلی کا کوئی جواز نہیں بنتا: محمد عامر 

ایشیا کپ  اور پھر میں ورلڈکپ میں  ٹیم کی کپتانی سے متعلق فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا تھا کہ  ہیڈ کوچ کے اعلان کے بعد  اب پی سی بی کو پاکستان ٹیم کیلئے کپتان کا اعلان بھی کردینا چاہیے کیوں کہ اب ورلڈکپ میں زیادہ وقت نہیں، اب کپتان کی تبدیلی کا کوئی جواز نہیں بنتا، اب پی سی بی کو بابر اعظم کو بھی واضح کردینا چاہیے کہ وہی کپتان ہوں گے تاکہ انہیں بھی واضح ہوجائے اور وہ پی سی بی کی مینجمنٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کیلئے منصوبہ بندی کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ بابر ورلڈکپ کے حوالے سے پاکستان ٹیم کیلئے  بہترین ہے، بابر دو ورلڈکپ اور ایشیا کپ کیلئے پاکستان ٹیم کی قیادت کرچکا ہے، اب پاکستان ٹیم کے پاس بابر کے علاوہ کوئی بہتر آپشن بھی نہیں کیوں کہ ورلڈکپ کیلئے کسی بھی ٹیم کو ایک تجربہ کار کپتان چاہیے ہوتا ہے اور بابر کے پاس اب تجربہ بھی ہے  لہٰذا  پی سی بی کو  بھی اب بابر اعظم  کے لیے  بطور کپتان اعلان کردینا چاہیے ۔ 

دوسری جانب سے محمد عامر نے پی ایس ایل کے دوران بابر کو ٹیل اینڈر کہنے سے متعلق بیان پر  وضاحت دیتے ہوئے کہا ’میرا ان لوگوں سے سوال ہے جنہوں نے اس بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا، ایسے لوگ مجھے میرا کوئی ایک انٹرویو بھی ایسا نکال کر دکھا دیں جس دوران میں نے کہا ہو کہ بابر میرے لیے ایک ایوریج پلیئر ہے یا فارغ ہے، میں نے اپنے ہر انٹرویو میں بابر کو پاکستان کا بہترین پلیئر  تسلیم کیا ہے میں یہ کہہ چکا ہوں کہ بابر کی تکنیک کی وجہ سے بابر کو ون ڈے اور ٹیسٹ میچز میں بولنگ کرنا مشکل ہے، پھر میں  یہ کیوں کہوں گا وہ میرے لیے ٹیل اینڈر جیسا کھلاڑی  ہے۔

فاسٹ بولر نے یہ بھی کہا  اس روز میرے کہنا کا مقصد یہ تھا کہ بولنگ کے دوران میرے سامنے بابر اعظم ہو یا کوئی ٹیل اینڈر کھلاڑی، میرے لیے  وکٹ لینا زیادہ اہم ہے، کیوں کہ اس سے ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے، بابر سے متعلق میرے بیان کو کچھ لوگوں نے جنہیں ویور شپ چاہیے ہوتی انہوں نے غلط انداز میں پیش کیا، رہی بات میری اور بابر کی تو   ہم جب بھی ملتے ہیں بابر میری عزت کرتا ہے  اور میں بابر کو آج بھی پاکستان کا بہترین پلیئر مانتا ہوں، ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔  

مزید خبریں :