کھیل
Time 01 مئی ، 2024

نجم سیٹھی کا ایف آئی اے کے پی سی بی کی خاتون عہدیدار کیساتھ نامناسب رویے پر اظہار افسوس

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے پی سی بی پر چھاپے کے دوران اسٹاف سے بدتمیزی کے معاملے پر اظہار افسوس کردیا ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے حکام پی سی بی ٹکٹنگ ہیڈ مہوش کو ساتھ لے گئے، مہوش نے پہلے پی ایس ایل، پھر بطور ٹکٹنگ ہیڈ پاکستان کرکٹ کیلئے اہم کام کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں 60 کروڑ کے ٹکٹ فروخت ہوئے لیکن مہوش پر 80 ہزار کی کرپشن کا الزام ہے، پی سی بی کی ایک پروفیشنل کے ساتھ اس طرح کا رویہ قابل افسوس ہے۔

نجم سیٹھی نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین پی سی بی معاملے کی تحقیقات کریں اور اپنے آفیشلز کے ساتھ انصاف کریں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مختلف کرکٹ سیریز کے ٹکٹس کی فروخت میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر ایف آئی اے نے پی سی بی کے عملے سے تفتیش شروع کی تھی۔

ذرائع ایف آئی اے کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کے ماتحت کام کرنے والی ایک خاتون اور دیگر دو ملازمین کو پوچھ گچھ کیلئے ایف آئی اے دفتر طلب کیا گیا تھا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت کی مد میں جاری کیے گئے چیکس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :