عمران خان کی 9 مئی یا اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری رکوانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

عمران خان پیش ہوئے نہیں اور حفاظتی ضمانت مانگ رہےہیں، ان کی درخواست قابل سماعت نہیں: سرکاری وکیل کے عدالت میں دلائل/ فائل فوٹو
عمران خان پیش ہوئے نہیں اور حفاظتی ضمانت مانگ رہےہیں، ان کی درخواست قابل سماعت نہیں: سرکاری وکیل کے عدالت میں دلائل/ فائل فوٹو

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مئی یا اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری رکوانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہ نے عمران خان کی 9 مئی یا اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری رکوانے کی درخواست پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت عدالت نے پوچھا کہ عمران کہاں ہیں؟ ان کے وکیل نے بتایا کہ اگرعدالت حکم کرے تو 11 بجےکے بعد عمران خان پیش ہوجائیں گے۔

اس دوران پنجاب حکومت کے وکیل نے عمران خان کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پیش ہوئے نہیں اور حفاظتی ضمانت مانگ رہے ہیں، ان کی درخواست قابل سماعت نہیں۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ان کے مؤکل حفاظتی ضمانت نہیں مانگ رہے، ان کا کیس لارجر بینچ کو بھجوا دیں، اسی نوعیت کا کیس لارجر بینچ سماعت کر رہا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔


مزید خبریں :