16 مئی ، 2023
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس اور رینجرز نے انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ کارروائی کے دوران رینجرز پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس میں میڈیا کو بتایا کہ ڈکیتی مزاحمت پر ایک رینجرز اہلکار کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے اسٹریٹ کرمنل گروپ کے 2 اہم کارندے گرفتار کیے گئے ہیں، معروف عثمان ملزمان میں احمد اللہ عرف گنجوڑئی ولد امیر اللہ ، نور خان عرف چھوٹا بھائی ولد شیر خان شامل ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ عیدالفطر کے روز ملزمان بورڈ آفس کے قریب لوٹ مار کررہے تھے کہ اسی دوران ڈیوٹی ختم کرکے گھر جانے والے رینجرز اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی۔
معروف عثمان کے مطابق ملزمان نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا، پولیس نے ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل پستول ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق افغان ڈکیت گروپ سے ہے جو 17 ملزمان پر مشتمل ہے ، ایس ایس پی کے مطابق ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ دیگر اسٹریٹ کرمنلز کو واردات کے لیے اسلحہ کرائے پر دیتے ہیں، ملزمان چھینے ہوئے موبائل جمع کرتے ہیں اور 50 موبائل جمع ہونے پر افغانستان میں فروخت کرتے ہیں۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان ڈکیتی اور رہزنی کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں۔