20 مئی ، 2023
لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے نام پر نامعلوم افراد نے چوتھی گاڑی بھی رجسٹر کرالی۔
سٹی آف لندن پولیس سازش کرنے والوں تک پہنچنے کیلئے تحقیقات میں مصروف ہے تاہم اب چوتھی گاڑی بھی نواز شریف کے نام پر رجسٹر کرالی گئی ہے۔
نوازشریف لندن آفس کے مطابق گاڑیاں نوازشریف کے نام پر رجسٹر کرانے کا مقصد جرائم کرکے تعلق نوازشریف سے جوڑنا ہوسکتا ہے۔
لندن آفس کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے نام پر رجسٹرگاڑیوں کو دہشت گردی، دھوکا دہی اور مجرمانہ کارروائیوں کیلئے استعمال کیاجاسکتا ہے۔
نواز شریف لندن آفس کے خرم بٹ نے پولیس کو چوتھی گاڑی رجسٹر ہونے سے بھی آگاہ کردیا۔
گزشتہ دنوں گاڑیاں رجسٹر ہونے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب نوازشریف کے نام رجسٹرگاڑی کی تفصیل ڈی وی ایل اے نے ایون فیلڈ بھیجی تھی، مارچ 2023 میں نواز شریف آفس نے ڈی وی ایل اے کو فراڈ سے آگاہ کیا اور پھر اپریل 2023 میں ایک اور گاڑی نواز شریف کے نام پر رجسٹر کی گئی۔
نواز شریف کے نام پر تیسری گاڑی کا اس وقت پتہ چلا جب ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کا جرمانہ وصول ہوا۔
اس حوالے سے خرم بٹ کا کہنا تھاکہ چند شرپسند عناصر نواز شریف کا نام اپنے مجرمانہ مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں، دوسروں کے نام پر گاڑی رجسٹر کرانے والے جلد پکڑے جائیں گے۔