اسلام آباد ہائیکورٹ: شہزاد اکبر کے بھائی کی بازیابی کا معاملہ، متعلقہ حکام کو نوٹس

عدالت نے سیکرٹری داخلہ کے مجاز افسر اور ڈی آئی جی آپریشنز کو 31 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا— فوٹو: فائل
عدالت نے سیکرٹری داخلہ کے مجاز افسر اور ڈی آئی جی آپریشنز کو 31 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا— فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے سابق مشیر برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر کے بھائی مرزا مراد اکبر کی بازیابی کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کے مجاز افسر اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز کو 31 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے مرزا شہزاد اکبر کے بھائی مرزا مراد اکبر کی بازیابی کیلئے ان کے بیٹے دانیال اکبر کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے  قاسم ودود ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایف ٹین فور سے مرزا شہزاد اکبر کے بھائی کو پولیس، رینجرز، اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ کی وردیوں میں ملبوس افراد نے اٹھایا۔

وکیل نے کہا کہ انہوں نے گھر میں پہلے شہزاد اکبر اور پھر مرزا مراد اکبر سے متعلق پوچھا، پولیس، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور  قومی احتساب بیورو (نیب) کہہ رہی ہے ہمیں کچھ معلوم نہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ سیکرٹری داخلہ اور آئی جی کو مرزا مراد اکبر کی بازیابی کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 31 مئی  تک  ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :