Time 30 مئی ، 2023
کاروبار

مالی سال کے 10 ماہ میں ترسیلات زر میں 13 فیصد کمی، حجم 22 ارب 70 کروڑ ڈالر رہا

گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں ترسیلات زر کا حجم 26 ارب ایک کروڑ ڈالر تھا: آؤٹ لک رپورٹ جاری— فوٹو:فائل
گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں ترسیلات زر کا حجم 26 ارب ایک کروڑ ڈالر تھا: آؤٹ لک رپورٹ جاری— فوٹو:فائل

وزارت خزانہ نے اپریل کی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 23-2022 جولائی تا اپریل ترسیلات زر میں 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور ترسیلات زر کا حجم 22 ارب 70 کروڑ ڈالر رہا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں ترسیلات زر کا حجم 26 ارب ایک کروڑ ڈالر تھا۔

آؤٹ لک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال جولائی تا اپریل برآمدات میں 13 اعشاریہ 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور اس عرصے میں برآمدات کاحجم  23.2  ارب ڈالر رہا جبکہ جولائی تا اپریل درآمدات میں 23 فیصد کمی ہوئی اور حجم 45.2 ارب ڈالر رہا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارے میں 76 اعشاریہ ایک فیصد کمی ہوئی، جاری کھاتوں کے خساروں کا حجم 3.3 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جبکہ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 23 اعشاریہ 2 فیصد کمی ہوئی اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 1 ارب 1 کروڑ ڈالر رہی۔