02 جون ، 2023
کراچی: گزشتہ روز مبینہ طور پر اغوا ہونے والے سماجی کارکن جبران ناصر گھر پہنچ گئے ہیں۔
گھر واپسی کے بعد اپنے بیان میں جبران ناصر نے کہا کہ میں خیریت سے گھر واپس آگیا ہوں، تمام دوستوں، صحافیوں، وکلا، بارکونسلز، سول سوسائٹی اور سیاست دانوں کا شکریہ، تمام لوگوں کی دعاؤں اور کاوشوں سے گھرواپس پہنچا ہوں۔
جبران ناصر نے مزید کہا کہ آپ سب میرے اور میرے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے رہے، آپ سب نے میری واپسی کو یقینی بنایا، وہ عزم اب بھی قائم ہے اور جدو جہد بھی جاری رہے گی۔
پولیس حکام نے اس بات کی تصدیق کردی ہے اور کہا ہے کہ پولیس ٹیم کچھ دیر بعد جبران ناصر سے ملاقات کرے گی۔
خیال رہے کہ جبران ناصرکی اہلیہ اداکارہ منشا پاشا نے شوہر کے مبینہ اغوا پر اندراج مقدمہ کی درخواست کلفٹن تھانے میں جمع کرائی تھی۔
منشا پاشا نے اندراج مقدمہ کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈیفنس فیز 5 کےقریب سےگزرتے ہوئے ہماری گاڑی سفید ڈبل کیبن سے ٹکرائی، سلور رنگ کی دوسری گاڑی نے ہماری گاڑی کا آگے سے راستہ روکا۔
درخواست گزار کے مطابق دونوں گاڑیوں میں تقریباً 15 مسلح افراد تھے، میرے شوہر کو مسلح افراد نے زبردستی گاڑی سے اتارا اور ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ جبران ناصرکی اہلیہ منشاپاشا کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ تھانہ کلفٹن میں درج کیا گیا ہے جس میں اغوا کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔