02 جون ، 2023
کراچی: سماجی رہنما جبران ناصر کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
جبران ناصرکی اہلیہ منشا پاشا نے شوہر کے مبینہ اغوا پر اندراج مقدمہ کی درخواست کلفٹن تھانے میں جمع کرائی تھی۔
منشا پاشا نے اندراج مقدمہ کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ڈیفنس فیز 5 کےقریب سےگزرتے ہوئے ہماری گاڑی سفید ڈبل کیبن سے ٹکرائی، سلور رنگ کی دوسری گاڑی نے ہماری گاڑی کا آگے سے راستہ روکا۔
درخواست گزار کے مطابق دونوں گاڑیوں میں تقریبا 15 مسلح افراد تھے، میرے شوہر کو مسلح افراد نے زبردستی گاڑی سے اتارا اور ساتھ لے گئے۔
درخواست میں منشا پاشا نے کہا کہ پولیس میری درخواست پرمقدمہ درج نہیں کررہی جس کے لیےکل عدالت سے رجوع کروں گی۔
پولیس کے مطابق مقدمہ جبران ناصرکی اہلیہ منشاپاشا کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ تھانہ کلفٹن میں درج کیا گیا ہے جس میں اغوا کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔