انصاف کا جھنڈا آج بھی ہاتھ میں ہے، چیئرمین سے ملاقات کے بعد مفصل بات کرونگا: شاہ محمود

کل تحریک انصاف کے چیئرمین سے ملاقات کروں گا جس کے بعد میڈیا سے مفصل بات کروں گا: وائس چیئرمین— فوٹو: اسکرین گریب
کل تحریک انصاف کے چیئرمین سے ملاقات کروں گا جس کے بعد میڈیا سے مفصل بات کروں گا: وائس چیئرمین— فوٹو: اسکرین گریب 

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔

جیل حکام کے مطابق شاہ محمود قریشی کو عدالتی احکامات پر رہا کیا گیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں سے کہتاہوں انصاف کا جھنڈا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل تحریک انصاف کے چیئرمین سے ملاقات کروں گا جس کے بعد میڈیا سے مفصل بات کروں گا۔

ان کا کہنا تھاکہ ڈی سی راولپنڈی کے کہنے پر تھری ایم پی او کے تحت میری دوبارہ گرفتاری ہوئی، قید میں ہوتے ہوئے کیسے نقص امن کیلئے خطرہ بن سکتا ہوں، دوبارہ گرفتاری کا میری نظر میں کوئی جواز نہ تھا، میں تو قید میں تنہائی میں تھا، میں کس کو ہدایت یا اکسا سکتا تھا؟ 

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے کارکنوں کو کہتا ہوں آزمائش کا وقت ہے، حوصلے میں رہیں، ہمت نہ ہاریں، ہر غروب کے بعد طلوع بھی ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی شاہ محمود کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا تھا۔ 

اب لاہور ہائیکورٹ پنڈی بینچ نے شاہ محمود قریشی کی رہائی کے احکامات دیے تھے اور عدالت نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے تھری ایم پی او کے آرڈر کالعدم قرار دیے تھے۔

مزید خبریں :