Time 06 جون ، 2023
پاکستان

کراچی: رواں سال کے 5 ماہ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 61 افراد قتل کردیے گئے

پانچ ماہ میں شہر میں لوٹ مار کی 29ہزار 171سےزائدوارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں— فوٹو:فائل
پانچ ماہ میں شہر میں لوٹ مار کی 29ہزار 171سےزائدوارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں— فوٹو:فائل

کراچی میں رواں سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران ڈکیتی میں مزاحمت پر 61 افراد قتل کردیے گئے جبکہ مزاحمت پر 289 افراد کو زخمی کیا گیا۔

سال 2023 میں بھی کراچی والے جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر ہیں۔ دیدہ دلیری ایسی کہ کسی نے ذرا سی مزاحمت کی تو ڈکیت گولی مارنے میں بھی دیر نہیں کرتے۔ 

رواں سال کے 5 ماہ میں 61 افراد ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے قتل اور 289 زخمی ہوگئے۔

شہر نے کسی اور چیز میں ترقی بے شک نہ کی ہو البتہ اسٹریٹ کرائمز کا گراف بڑا بلند جارہا ہے۔

پانچ ماہ میں شہر میں لوٹ مار کی 29ہزار171سےزائدوارداتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔ جنوری میں 7 ہزار سے زائد جبکہ فروری میں ساڑھے 6 ہزار وارداتیں ہوئیں، مارچ میں 7 ہزار سے زائد شہری اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بنے، اپریل میں سات ہزار278 جبکہ مئی میں5 ہزار سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 5ماہ میں 9 ہزار 464 شہری موبائل فونز سے محروم ہوگئے، 17 ہزار 215 سے زائد موٹرسائیکلیں چھینی یا چوری ہوئیں۔

گزشتہ سال کے پانچ ماہ میں اسٹریٹ کرائم کی 23 ہزار651 سے زائدوارداتیں ہوئیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اسی عرصے میں 422 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 41مبینہ ملزمان ہلاک اور  532 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔

مزید خبریں :