ایشوریا کی کونسی فلم میں شاہد کپور 'بیک گراؤنڈ ڈانسر' تھے؟

شاہد کپور نے اپنا بالی وڈ ڈیبیو 2003 کی کامیاب فلم عشق وشق سے کیا تھا جس میں ان کے ہمراہ اداکارہ امریتا راؤ مرکزی کردار میں نظر آئی تھیں__فوٹو: انسٹاگرام
شاہد کپور نے اپنا بالی وڈ ڈیبیو 2003 کی کامیاب فلم 'عشق وشق' سے کیا تھا جس میں ان کے ہمراہ اداکارہ امریتا راؤ مرکزی کردار میں نظر آئی تھیں__فوٹو: انسٹاگرام

کیا آپ جانتے ہیں کہ آج کے بالی وڈ سپر اسٹار شاہد کپور، جنہوں نے انڈسٹری کو متعدد کامیاب پراجیکٹس دیے، ایک وقت ایسا تھا جب وہ اداکارہ ایشوریا رائے کی فلم میں بیک گراؤنڈ ڈانسر تھے۔

شاہد کپور نے اپنا بالی وڈ ڈیبیو 2003 کی کامیاب فلم 'عشق وشق' سے کیا تھا جس میں ان کے ہمراہ اداکارہ امریتا راؤ مرکزی کردار میں نظر آئی تھیں، اس سے قبل شاہد نے کئی فلموں میں بیک گراؤنڈ ڈانسر کا کردار نبھایا۔

ان ہی میں سے ایک فلم ایشوریا رائے کی تھی، یہ سپر ہٹ فلم 'تال' تھی جو 1999 میں ریلیز ہوئی تھی، فلم کے گانے 'کہیں آگ لگے لگ جائے' میں شاہد نے ایشوریا کے ہمراہ بیک گراؤنڈ ڈانس کیا تھا، تال میں ایشوریا کے ہمراہ اداکار اکشے کھنا اور انیل کپور تھے۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران شاہد کپور نے اپنے اس دن کو بیک وقت زندگی کا بدترین اور بہترین دن قرار دیا۔

اداکار نے کہا 'مجھے یاد ہے، جس دن اس گانے کی شوٹ تھی میرا ایکسیڈنٹ ہوگیا تھا، میں اس زمانے میں موٹر سائیکل چلاتا تھا، اس روز میری بائیک گرگئی، میں سیٹ پر کافی بری حالت میں پہنچا تھا، پھر مجھے ایشوریا کے ساتھ اسی گانے میں ڈانس کا موقع ملا،یہ میرے لیے یادگار ہے'۔

اس سے قبل شاہد کپور 1997 کی بلاک بسٹر میوزیکل فلم 'دل تو پاگل ہے' میں بھی بطور بیک گراؤنڈ ڈانسر کام کرچکے ہیں۔

دل تو پاگل ہے میں شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشت، کرشمہ کپور اور اکشے کمار نے اہم کردار نبھائے تھے۔

مزید خبریں :