پاکستان

آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا: وزیراعظم

بجٹ میں نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کے بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں: شہباز شریف کا بیان/ فائل فوٹو
بجٹ میں نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کے بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں: شہباز شریف کا بیان/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ مالی سال کو ملک اور عوام کی آمدن  بڑھانے کا سال قرار دیدیا۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ نوجوان کی ترقی، کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، مایوسیوں کو مٹانا، ملک وقوم کی تعمیر، ترقی اورخوشحالی سے نیا اعتماد اور امید بحال کرنا ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا، صنعت، زراعت، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں تیزی سےترقی اور معاشی استحکام کا بجٹ ہے، بجٹ میں نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کے بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوان کا مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری اولین ترجیح ہے، آئی ٹی، زراعت اور صنعت میں کاروبارکے آغاز سے نوجوانوں کوپاکستان کی ترقی کا معمار بنانا ہے، نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، چھوٹے اور رعایتی قرض دے رہے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کے لیے بجٹ میں آئی ٹی کاروبارمیں ٹیکس کی چھوٹ دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2 ہزار ارب روپے سے زائد کسان پیکج سے زراعت اورکسان کی بہتری کا سفر مزید تیز ہوگا، بجٹ کے ذریعے زرعی شعبے کےلیے مراعات جاری رکھیں گے، ان اقدامات سے غذائی تحفظ حاصل ہوگا، نوجوانوں کو زرعی ترقی میں حصہ داربنارہے ہیں، کسانوں، نوجوانوں کو زرعی اورکاروباری قرضوں سے کسان، نوجوان اورپاکستان خوشحال ہوں گے۔

آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ

9 جون کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مالی سال 24-2023 کا 144 کھرب 60 ارب روپے کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا۔

وفاقی بجٹ 24-2023 کے اہم نکات

  • مجموعی حجم 144 کھرب 60 ارب روپے
  • سود کی ادائیگیوں پر 73 کھرب 3 ارب روپے خرچ ہوں گے
  • ترقیاتی منصوبوں کیلئے 11 کھرب 50 ارب روپے مختص
  • ایف بی آر محاصل کا تخمینہ 92 کھرب روپے
  • صنعتوں پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا
  • براہ راست ٹیکس وصولی کا حجم 37 کھرب 59 ارب روپے
  • دفاع کے لیے 18 کھرب 4 ارب روپے مختص
  • گریڈ 1 سے16 کے سرکاری ملازمین کیلئے تنخواہ میں 35 فیصد اضافہ
  • گریڈ 17 سے 22 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 30 فیصد اضافہ
  • سرکاری ملازمین کی کم از کم پنشن اب 12,000 روپے
  • اسلام آباد کی حدود میں کم سے کم اجرت 32 ہزار روپے
  • EOBI کی پینشن کو 8,500 سے بڑھا کر 10,000 روپے کرنے کی تجویز
  • عام انتخابات کیلئے 48 ارب روپے مختص
  • ٹیٹرا پیک دودھ، پیکٹ کی دہی، ڈبے میں بند مکھن اور پنیر مہنگے
  • ٹن پیک مچھلی، ڈبے میں بند مرغی کا گوشت اورانڈوں کے پیکٹ کی قیمت بھی بڑھ جائے گی
  • برینڈڈ کپڑوںپر جی ایس ٹی 12 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دی گئی
  • داسو پاور پروجیکٹ، مہمند ڈیم کیلئے رقم مختص
  • پانی کی فراہمی کے لیے 100 ارب روپے کی رقم مختص
  • تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کیلئے 82 ارب روپے مختص
  • صحت کے شعبے کیلئے 26 ارب روپے مختص
  • صحافیوں اور فنکاروں کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈ
  • مالی سال کے لیے معاشی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کا تخمینہ
  • افراط زر کی شرح اندازاً 21 فیصد تک ہوگی
  • ترسیلات زر کےذریعے غیرمنقولہ جائیداد خریدنے پر 2فیصد ٹیکس ختم
  • بینک سے 50 ہزار نکالنے والے نان فائلر کیلئے ٹیکس میں اضافہ
  • غیر ملکی ملازمین رکھنے والے امیر افراد پر ٹیکس میں اضافہ
  • غیر ملکی کرنسی کو بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے ٹیکس شرح میں اضافہ
  • بجٹ میں فری لانسرز کیلئے بھی ٹیکس سہولتوں کا اعلان
  • زرعی قرضوں کی حد کو رواں مالی سال میں 1800ارب سے بڑھا کر 2250 ارب روپے کر دیا گیا
  • کراچی کے K4 منصوبے کیلئے 17 ارب سے زائد کی رقم مختص
  • سولر پینلز پر کسٹم ڈیوٹی میں استثنیٰ
  • 1300 سی سی سے زائد کی گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکسز کی حد بندی ختم
  • ٹیلی کام سروسز پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کم
  • بجٹ میں اعلیٰ تعلیم اور لیپ ٹاپ اسکیم کیلئے خطیر رقم مختص


مزید خبریں :