14 جون ، 2023
کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صفورہ ٹاؤن یوسی 8 کے چیئرمین کو نامعلوم افراد گھر سے مبینہ طور پر اغوا کرکے لےگئے۔
یو سی چیئرمین ارشد حسین نے گزشتہ رات حافظ نعیم الرحمان کی حمایت میں ویڈیو بیان جاری کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ارشد حسین رات دس بجے جماعت اسلامی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں بھی شریک تھے،گھر پہنچنے پر سادہ لباس میں ملبوس افراد ارشد حسین کو اٹھا کر لےگئے۔
واقعےکی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہےکہ سفید اور کالی گاڑی میں چھ سے آٹھ افراد آئے اور انہیں زبردستی ساتھ لے کر چلےگئے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو میئر کراچی کا انتخاب ہوگا، عددی اکثریت کے لیے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی تحریک انصاف کے نمائندوں پر انحصار کر رہی ہیں۔
ووٹنگ شو آف ہینڈ سے ہوگی: ریٹرننگ افسر نذر عباس
ریٹرننگ افسر نذر عباس کے مطابق ووٹنگ شو آف ہینڈ سے ہوگی ، جس امیدوار کو ایک بھی ووٹ زیادہ ملا تو وہ منتخب ہوجائےگا، ایوان میں اکثریتی ووٹ 184 بنتا ہے۔
تحریک انصاف کے 43 میں سے 30 ارکان نے پارٹی پالیسی کے خلاف فارورڈ بلاک بنالیا ہے اور انہوں نے حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینےکا اعلان کیا ہے، پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ حافظ نعیم یہ چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف کے لوگوں سے ہم انہیں ووٹ لے کر دیں تو یہ ممکن نہیں۔
دوسری جانب تحریک انصاف نے جماعت اسلامی اور ن لیگ نے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کیا ہے، پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ نہ دینے والوں یا غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا ہے۔