14 جون ، 2023
کراچی: چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندر کے قریبی گوٹھ اور کریک میں بلند لہروں کے باعث پانی آسکتا ہے تاہم اس پانی سے ڈی ایچ اے اور دیگر ساحلی علاقوں کو بلند لہروں سے خطرہ نہیں ۔
کراچی میں سمندری طوفان بپر جوائےکے اثرات کے باعث ہاکس بے پر سمندر میں طغیانی بڑھ گئی ہے، ہاکس بے کے ساحل پر اونچی لہریں ہیں جب کہ سینڈزپٹ کے مقام پر بھی تیز اونچی لہروں کے باعث روڈ پرپانی آرہا ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں سمندر کے قریبی گوٹھ اور کریک میں بلند لہروں کے باعث پانی آسکتا ہے، ڈی ایچ اے اور دیگر ساحلی علاقوں کو بلند لہروں سے خطرہ نہیں۔
’15 جون کو سمندری طوفان کے ٹکرانے کے بعد 17 جون تک اثرات رہیں گے‘
انہوں نے کہا کہ مون سون میں ہاکس بے سڑک تک پانی آجاتا ہے، 15 جون کو سمندری طوفان کے ٹکرانے کے بعد 17 جون تک اثرات رہیں گے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ سندھ کی ساحلی پٹی پر تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان رہے گا، طوفان زمین پر آنے کے بعد آہستہ آہستہ کمزور ہوتا ہے، طوفان راجستھان کی جانب بڑھے گا اور ایک 2 دن بارش برسانے کے بعد ختم ہوجائے گا۔
علاوہ ازیں موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا کہ طوفان کے بعد کراچی میں جون کا معمول کا موسم رہے گا، شہر میں سمندری ہوائیں بھی بحال ہوجائیں گی جب کہ درجہ حرارت 35 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔