14 جون ، 2023
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بپر جوائے کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے،کراچی میں خطرناک صورت حال نہیں۔
جیو نیوز کے پرو گرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ سائیکلون کراچی کے جنوب سے نکل جائےگا، اس وقت سمندری طوفان کا رخ شمال کی طرف ہے جو شمال مشرق کی طرف ہوجائے گا۔ طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے گزرے گا یا ٹکرائے گا۔
طوفان کے پیشِ نظر کراچی میں آج ہلکی اور درمیانی بارش کا امکان ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کا بھی کہنا ہے کہ طوفان کی شدت میں معمولی کمی ہوئی ہے۔طوفان جمعرات کو سوراشٹرا اور پاکستانی ساحلوں کو عبور کرےگا۔
پاکستان اور بھارت کی جانب پیش قدمی کرنے والے طوفان بپر جوائے ’انتہائی شدید سائیکلونک اسٹارم‘ سے ایک درجہ کم شدید ہوکر ’بہت شدید سائیکلونک اسٹارم‘ میں تبدیل ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے اندازوں کے مطابق طوفان 15جون کی دوپہر یا شام کو سندھ میں کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرائے گا، طوفان میں ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔
کراچی ، حیدرآباد میں 14 سے 16 جون کے درمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو الٰہ یار ،میرپورخاص میں بھی میں 14 سے 16 جون تک موسلا دھار بارش کا امکان ہے اور ہوائیں 60 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
طوفان کے دوران کیٹی بندر اور اس کے اطراف لہریں 8 سے 12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں، ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جائیں۔