16 جون ، 2023
کراچی: قومی ائیر لائن پی آئی اے کی کراچی سے مدینہ کی پرواز کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔
پی آئی اے حکام کے مطابق کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 743 کو صبح 4 بج کر 50 منٹ پر مدینہ روانہ ہونا تھا۔
پی آئی اے حکام نے پرواز میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جہاز میں تکنیکی خرابی کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہوئی، ٹیم جہاز سے تیکنیکی خرابی دور کرنے کی کوشش کررہی ہے جب کہ پرواز کا تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے کراچی ائیرپورٹ پر عازمین حج کی پی آئی اے عملے سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔
بپر جوائے کے تناظر میں نوٹم جاری
دوسری جانب سول ایوی ایشن ہیڈ کوارٹر کی جانب سے طوفان بپر جوائے کے تناظر میں محفوظ ہوائی سفر کے حوالے سے نوٹم جاری کیا گیا ہے۔
سی اے اے کے مطابق نوٹم تیز ہواؤں کے امکان کے باعث جاری کیا گیا جوآج رات 12 بجے تک نافذ العمل رہے گا۔
سی اے اے کے مطابق نوٹم کراچی، سکھر، موہنجوداڑو اور نواب شاہ ائیرپورٹس کے لیے ہے، ان ائیرپورٹس پر ہوا کی رفتار 30 ناٹس ہونے کی صورت میں لینڈنگ یا ٹیک آف کی اجازت نہیں ہوگی۔