18 جون ، 2023
سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے شعبے تفتیش کے عملے نے ایک کارروائی کے دوران بینک کی کیش وین کو لوٹنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم ایاز علی کی گرفتاری بہادرآباد کے علاقے دھوراجی کالونی سے عمل میں آئی، ملزم نجی کیش وین کمپنی میں سکیورٹی انچارج تھا۔
انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش مزید انکشافات کیے ہیں، ملزم نے سال 2021 میں جوڑیا بازار پر بینک کو کیش فراہم کرنے والی وین کو لوٹا تھا۔
چوہدری صفدر کے مطابق ملزم 50 لاکھ روپے لوٹ کر راولپنڈی فرار ہوگیا تھا اور اپنے رشتے داروں کے گھر روپوش تھا جبکہ ملزم کھارادر تھانے میں درج ایف آئی آر میں مفرور اور اشتہاری بھی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم حال ہی میں کراچی واپس آیا تھا جسے ٹیکنیکل بنیاد پر گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔