21 جون ، 2023
کراچی میں قربانی کے جانوروں کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے ، اورنگی ٹاؤن، اقبال مارکیٹ، قائد آباد ، فریئر اور شاہراہ فیصل تھانے کی حدود سے 12 گائے اور بیل کہیں اسلحے کے زور پر لوٹ لیےگئے تو کہیں چوری کرلیےگئے۔
کراچی میں قربانی کے جانور بیچنے والے ہوں، یا خریدنے والے، دونوں ہی لٹیروں کے خاص نشانے پر ہیں، اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ چشتی نگر میں 4 مویشیوں کو اسلحے کے زور پر چھین لیا گیا۔
چار روز قبل پیش آنے والے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو جیو نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
ویڈیو میں چار موٹر سائیکلوں پر سوار آٹھ نامعلوم ملزمان کو پلاٹ پر دھاوا بولتے دیکھا جاسکتا ہے ، بیوپاری حنیف کا بتانا ہے کہ ملزمان نے مویشیوں کے رکھوالے کو یرغمال بنا کر واردات کی۔
گزشتہ دنوں فریئر تھانے کے قریب سے بھی قربانی کاجانور چوری ہوگیا تھا، اورنگی ٹاؤن بلوچ گوٹھ میں ملزمان دکان میں بندھے 5 جانور لے گئے۔
متاثرہ شہری کے مطابق جانوروں کی قیمت 8 لاکھ روپے تھی۔
قائد آباد تھانے کی حدود سے بھی ایک گائے چھین لی گئی ، جب کہ شارع فیصل پولیس نے سوشل میڈیا کی مدد سے گلستان جوہر سے چوری ہونے والی گائے لیاقت آباد سے برآمد کرلی ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں عید الاضحیٰ 29 جون بروز جمعرات کو منائی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سےکابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق عیدالاضحیٰ پر 3 چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان میں عید الاضحیٰ کی تعطیلات 29 سے یکم جولائی تک ہوں گی۔