پاکستان

9 مئی واقعہ: شاہ محمود اور اسد عمر کو کل تک عدالت میں پیش ہونے کی مہلت

اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی 9 مئی واقعات پر تھانہ ترنول میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی 9 مئی واقعات پر تھانہ ترنول میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کیسز میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی اور  اسد عمر درخواست ضمانت پر خود عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے دونوں رہنماؤں کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کی کل تک کے لیے مزید مہلت دے دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی 9 مئی واقعات پر تھانہ ترنول میں درج مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں کے وکیل علی بخاری نے بتایا کہ دونوں رہنما ہائیکورٹ میں پیش ہونے کیلئے صبح ساڑھے سات بجے آئے مگر پولیس نے دونوں کو احاطہ عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا۔

وکیل علی بخاری نے یہ بھی بتایا کہ پولیس نے ہائیکورٹ کے دروازے بند کر دیے تو وہ واپس لوٹ گئے، عدالت ہائیکورٹ گیٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ سکتی ہے۔

عدالت نے وکیل کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو کل تک پیش ہونے کی مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے دو روز قبل شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کی ضمانت درخواستیں خارج کر دی تھیں اور انہوں نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی اور اسد عمر ضمانتیں خارج ہونے کے بعد عدالت سے ایک ہی گاڑی میں بھاگ نکلے تھے۔

مزید خبریں :