23 جون ، 2023
مسلم لیگ ( ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے چوہدری شافع حسین نے کہا ہےکہ پرویز الٰہی ہمارے پاس واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اسپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویزالٰہی کی ملاقات مثبت رہی۔
انہوں نے کہا کہ مونس الٰہی ایک سال پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سیاست اپنی اپنی، خاندان تو ہمارا ایک ہے لیکن سیاسی طور پر فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے۔
چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی کو مسلم لیگ (ق) میں واپس آنے کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے اور وہ ہمارے پاس آنا چاہتے ہیں لیکن اسپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مستقبل میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کے درمیان اختلافات کے بعد پرویز الٰہی نے سیاست میں اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے سربراہ و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کوپارٹی عہدے سے برخاست کردیا تھا۔
چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور پی ٹی آئی میں انہیں پارٹی کا صدر مقرر کیا گیا۔
اس دوران (ق) لیگ کی صدارت پر بھی اختلافات ہوئے اور یہ معاملہ عدالت اور الیکشن کمیشن تک گیا۔
الیکشن کمیشن نے چوہدری وجاہت حسین کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے چوہدری شجاعت کو ہی (ق) لیگ کا سربراہ قرار دیا تھا۔