30 جون ، 2023
ٹائٹن حادثے میں 5 افرادکی موت سے بھی سبق نہ سیکھا گیا۔
اوشین گیٹ ایکسپی ڈیشنز نے ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے کے خواہش مندوں کو ڈھائی لاکھ ڈالر کاسیاحتی سفر کرانے کا اشتہار دیدیا۔
خیال رہے کہ 1912 میں تباہ ہونے والے مسافر بردار بحری جہاز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کیلئے جانے والی آبدوز ٹائٹن 18 جون کو بحر اوقیانوس میں لاپتا ہوگئی تھی۔
اوشین گیٹ کی ٹائٹن آبدوز کے حادثے میں پاکستانی کاروباری شخصیت شہزادہ داؤد اور ان کے بیٹے سلیمان داؤد سمیت 5 سیاح مارے گئے تھے۔
ٹائٹن کا ملبہ نکال کرحادثے کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں کی گئیں۔
ٹائی ٹینک کی سیاحت کے لیے لوگوں کو زیر سمندر لے جانے کے دوران تباہ ہونے والی اوشین گیٹ کمپنی کی آبدوز ’ٹائٹن‘ کا ملبہ بحراوقیانوس سے نکال لیا گیا ہے جب کہ اس کے ساتھ مکمنہ طور پر انسانی باقیات ملنےکا بھی انکشاف ہوا ہے۔
امریکی کوسٹ گارڈ نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ ٹائٹن آبدوز کے ملبے سے ممکنہ طور پر انسانی باقیات بھی ملی ہیں۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے حکام کے مطابق ٹائٹن کے ٹکڑوں اور ممکنہ طور پر اس میں موجود افراد کی باقیات کو کینیڈا کے جزیرے نیوفاؤنڈ لینڈ منتقل کیا گیا ہے، یہ وہی جگہ ہے جہاں سے بدقسمت آبدوز اپنے آخری سفر پر روانہ ہوئی تھی۔
اندازےکے مطابق نیوفاؤنڈلینڈ سے جائے حادثہ کا فاصلہ تقریباً 400 میل ہے۔