02 جولائی ، 2023
لاہور: مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کیمپ جیل لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الٰہی سے چند روز کے دوران دوسری ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے کیمپ جیل لاہور میں چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی، چوہدری سالک اور چوہدری وجاہت حسین بھی چوہدری شجاعت کے ہمراہ ملاقات میں موجود تھے۔
چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات سے پہلے پرویز الٰہی کے چیک اپ کے لیے میڈیکل بورڈ بھی کیمپ جیل آیا اور ڈاکٹرز نے پرویز الٰہی کا طبی معائنہ کیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹروں کی ٹیم نے جیل میں چوتھی مرتبہ چودھری پرویز الٰہی کا معائنہ کیا، ڈاکٹرز نے پرویزالٰہی کی طبعیت اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے ان کے کچھ ٹیسٹ تجویز کیے ہیں اور میڈیکل بورڈ کے مطابق پرویزالٰہی کی طبعیت ایسی نہیں کہ ان کا اسپتال میں علاج کیا جائے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات ایک اعلیٰ شخصیت کی موجودگی میں ہوئی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر بھی بات چیت ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں چوہدری شجاعت حسین نے ایک بار پھر چوہدری پرویز الٰہی سے کہا کہ وہ پی ٹی آئی چھوڑ کر دوبارہ اپنی پرانی جماعت میں آ جائیں تاہم چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا وہ اس بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکتے۔
ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا جو تکلیفیں میں نے برداشت کرنی تھیں وہ تو کر لی ہیں، اب چوہدری مونس الٰہی میری سیاست کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کریں گے وہ قابل قبول ہو گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پرویز الٰہی واپس ق لیگ میں آنے کو تیار ہیں مگر مونس الٰہی نہیں مان رہے، چوہدری شجاعت نے پرویز الٰہی کو کہا کہ مونس الٰہی اور اپنے گھر والوں کو سمجھائیں، چوہدری شجاعت کا کہنا تھا ہم ہمیشہ اکٹھے رہے اور اسی میں بہتری ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کی پرویز الٰہی سے کچھ دنوں میں دوبارہ ملاقات کا بھی امکان ہے۔