13 جولائی ، 2023
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ایران کے قونصل جنرل حسن نورین کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اس سال سندھ سے زائرین کو بذریعہ بس اور اپنی گاڑیوں میں ایران جانےکی اجازت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق یہ بسیں اور گاڑیاں کراچی سے چابہار براستہ سڑک جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سے ایران کے قونصل جنرل حسن نورین اور قطر کے قونصل جنرل مشال محمد اے اے الانصاری نے علیحدہ عیلحدہ ملاقاتیں کیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا ایران کے قونصل جنرل سے ملاقات میں کہنا تھا کہ سندھ تا ایران بذریعہ سڑک سفر کرنے سے دوطرفہ سیاحت میں اضافہ ہوگا۔
وزیر اعلی ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ایران کے قونصل جنرل حسن نورین کی سربراہی میں 4 رکنی وفد کی ملاقات ہوئی ۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں صحت اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں مل کر کام کرنے اور تھیلیسیما، امراض قلب اور دیگر امراض کے سندھ میں ماہرین کا ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سندھ کے طبی ماہرین ایران کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
اس کے علاوہ ملاقات میں اس سال سندھ سے ایران زائرین کو بسوں اور اپنی گاڑیوں میں جانے کی اجازت دینے پر وزیراعلیٰ اور ایرانی قونصل جنرل کا اتفاق ہوا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ بسیں اور گاڑیاں کراچی سے چابہار بذریعہ سڑک سے جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ سے درخواست کریں گے کہ کراچی تا چابہار راستہ کھولنے کیلئے بات کریں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ تا ایران بذریعہ سڑک جانے کیلئے طریقہ کار بنانے کے حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت بھی جاری کی، ملاقات میں ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ زائرین کو باہر لے جانے کیلئے 3000 بسوں کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سے قطر کے قونصل جنرل مشال محمد اے اے الانصاری کی الوداعی ملاقات ہوئی، وزیراعلیٰ سندھ نے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل کی سندھ میں خدمات کو سراہا، اس موقع پر قطر کے سبکدوش ہونے والے قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کو ان کے دور میں بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔