19 جولائی ، 2023
کسٹمز افسران کی میگا کرپشن کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے ایک ماہ میں 500 تولے سونا خریدا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار اور مفرور کسٹمز افسران مبینہ طور پر رشوت کے پیسوں سے سونا خریدتے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کلفٹن کی ایک جیولر شاپ سے ایک ماہ میں 500 تولہ سونا خریدا گیا، جیولر کی دکان پر ایف آئی اے نے چھاپہ مار کر رسیدیں برآمد کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سونا بے نامی رسیدوں پر خریدا گیا، ایف آئی اے ٹیم نے کھاتوں کے رجسٹرز بھی برآمد کرلیے ہیں ، سونے کی مزید خریداری کیلئے جیولر کو ایڈوانس دیے گئے 50 لاکھ روپے بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق افسران کیلئے سونا خریدنے والے کسٹمز افسر کے کیماڑی میں واقع گھر پر بھی ایف آئی اے نے چھاپہ مارا ، اسمگلنگ کے سامان کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی فہرستیں تیارکی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ کسٹمز کے دو افسران یاور عباس اور طارق محمود کرپشن الزامات کے تحت ایف ائی اے کی حراست میں ہیں۔