Time 19 جولائی ، 2023
پاکستان

چیئرمین انٹر بورڈ کراچی کو دوران امتحانات ہی عہدے سے ہٹا دیا گیا

چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین کو چند روز قبل حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا وائس چانسلر تعینات کیا گیا تھا۔ فوٹو فائل
چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین کو چند روز قبل حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا وائس چانسلر تعینات کیا گیا تھا۔ فوٹو فائل

چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی ڈاکٹر سعید الدین کو قبل از وقت عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ ڈاکٹر سعید الدین کو دوران امتحانات عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم میمن کو دو سال کے لیے عہدے کا چارج دے دیا گیا ہے۔

چیئرمین انٹر بورڈ ڈاکٹر سعید الدین کو چند روز قبل حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا وائس چانسلر تعینات کیا گیا تھا مگر کراچی میں گیارہویں جماعت کے امتحانات جاری ہونے اور بارہویں جماعت کے نتایج تیاری کے مراحل میں ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر سعید الدین نے حیدرآباد یونیورسٹی کو تاحال جوائن نہیں کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ سیکرٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز مرید راہموں نے وزیر تعلیم سندھ اسماعیل راہو سے مشاورت اور منظوری کے بعد لاڑکانہ بورڈ کے چیئرمین کو 2 سال کے لیے کراچی کا چارج دے دیا۔

ماہرین تعلیم نے اس انداز میں چیئرمین کو ہٹانے پر کہا ہے کہ دوران امتحانات چیئرمین کی تبدیلی امتحانات و نتائج پر اثر انداز ہو گی، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمینز کی مدت ملازمت ختم ہونے کے باوجود وہاں کوئی چیئرمین نہیں لگایا گیا جبکہ سندھ ٹیکنیکل بورڈ کراچی اور حیدرآباد بورڈ کے چیئرمین بغیر نوٹیفکشن کے کام کر رہے ہیں جو قابل تشویش ہے جبکہ جبکہ بے نظیر آباد بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر فاروق کے پاس کئی سال سے سکرنڈ یونیورسٹی کا چارج بھی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی دباؤ پر چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کو ہٹا کر لاڑکانہ سے چیئرمین لگایا گیا، انٹر بورڈ کے ہزاروں ملازمین انتخابات میں فرائض انجام دیتے ہیں الیکشن سے قبل لاڑکانہ بورڈ کے چیئرمین کو کراچی کا چارج دینا الیکشن پر اثرانداز ہونے کے مترادف ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر سعید الدین کو سیاسی شخصیات نے حیدرآباد یونیورسٹی کا وائس چانسلر بننے سے روکا تھا مگر سرچ کمیٹی کے ذریعے نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے اور صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے انٹرویو میں کلیئر ہونے کے بعد انہیں حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا چار سال کی مدت کے کیے وی سی لگایا گیا۔

مزید خبریں :