03 جنوری ، 2013
کراچی … شہدائے کربلا کا چہلم آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں مجالس عزا کے بعد جلوس برآمد ہوں گے جن کیلئے سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، جبکہ46 شہروں میں موبائل فون سروس بند ہے، کئی شہروں میں ڈبل سواری اور موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں گزشتہ شب سے چہلم کی مجالس جارہی ہیں، آج مجلسوں کے بعد جلوس ِ علم و ذوالجناح برآمد ہوں گے، جو اپنے مقررہ راستوں سے گزریں گے۔ لاہور میں اندرون دہلی گیٹ سے جلوس برآمد ہوگیاہے، عزادار سینہ کوبی اور زنجیر زنی کررہے ہیں ، جلوس مختلف مقامات سے ہوتا ہوا رات میں کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا، کراچی کا مرکزی جلوس ایک بجے نشتر پارک سے شروع ہوکر حسینیہ ایرانیاں کھارادر جائیگا، پنڈی کا مرکزی جلوس کرنل مقبول امام بارگاہ سے برآمد ہوگا، اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کی گذرگاہوں کے اطراف سڑکیں خار دار تاریں لگاکر بند کردی گئی ہیں اور راستوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ شرکاء کو مکمل تلاشی کے بعد شرکت کی اجازت ہوگی۔ دوسری جانب سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی، پشاور، لاہور، کوئٹہ ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے 46 شہروں میں موبائل فون سروس بند کردی گئی ہے جبکہ کئی شہروں میں ڈبل سواری اور موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔