20 جولائی ، 2023
حکومت بلوچستان اورآن لائن سرچ انجن کمپنی گوگل کےدرمیان صوبےکےنوجوانوں کوگوگل اسکالرشپ اورانٹرن شپ کےحوالےسےمعاہدہ طے پاگیا۔
اس معاہدے کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو آئی ٹی مہارت کی فراہمی کےساتھ ساتھ نوجوانوں کو عصر جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرکے آن لائن روزگار کے حصول کے قابل بنانا ہے جبکہ معاہدے کےتحت گوگل صوبائی محکمہ اطلاعات کی ڈیجیٹلائزیشن میں معاونت بھی فراہم کرےگا۔
حکومت بلوچستان اور گوگل کےدرمیان طے پائے گئے معاہدے پر سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی طیب لہڑی اورسیکرٹری اطلاعات محمدحمزہ شفقات نےصوبائی حکومت اور گوگل ٹیم لیڈرعمرفاروق نے گوگل کی جانب سے دستخط کیے۔
اس حوالےسے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی اور چیف سیکرٹری عبدالعزیزعقیلی بھی شریک ہوئے۔
رواں سال مئی میں گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے 1000سکالر شپ دیے تھے : سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات
اس موقع پر چیف سیکرٹری نے بلوچستان حکومت اور گوگل کے مابین معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو صوبے کے نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اسی مقصد کیلئے نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ رواں سال مئی میں گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے 1000سکالر شپ دیے تھے اس پروگرام میں 900 سے زائد نوجوانوں نے انرولمنٹ کرائی جبکہ اب گوگل کی جانب سے مزید 2000 اسکالر شپ دئیے گئے جن میں لڑکیوں اور لڑکوں کیلئے 1000اسکالر شپ شامل ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات کا یہ بھی کہناتھا کہ انٹرن شپ کے حامل نوجوانوں کی انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن ہوگی اور وہ اس سے آن لائن جاب حاصل کرسکیں گے، اس کے ساتھ ساتھ انٹرنز ماہانہ 1000 ڈالر تک کمانے کے قابل بھی ہوں گے۔