Time 23 جولائی ، 2023
پاکستان

الیکشن کمیشن نے نہیں ہٹایا، خود وزارت سے مستعفی ہوا: صوبائی نگران وزیر کا دعویٰ

الیکشن کمیشن نے نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کے سیاسی جلسے میں شرکت اور خطاب پر نوٹس لیا تھا اور انہیں وزارت سے ہٹانے کا حکم دیا تھا— فوٹو: فائل
الیکشن کمیشن نے نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کے سیاسی جلسے میں شرکت اور خطاب پر نوٹس لیا تھا اور انہیں وزارت سے ہٹانے کا حکم دیا تھا— فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے ٹرانسپورٹ شاہد خٹک نے کہا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے وزارت سے استعفیٰ دیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں شاہد خٹک کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کا مجھے نہیں پتہ کہ مجھے ہٹا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے خود میں نے استعفیٰ دے دیا ہے  اور اپنا استعفیٰ بذریعہ فیکس نگران وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری کو ارسال کردیا۔

ان کا کہنا تھاکہ مجھے علم نہیں کہ میرا استعفیٰ منظور ہوا ہے یا نہیں، وزارت سے مستعفی ہو رہا ہوں لیکن اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھوں گا۔

شاہد خٹک کا کہنا تھاکہ  زندگی اور صحت رہی تو آئندہ عام انتخابات میں حصہ لوں گا۔

دوسری جانب شاہد خٹک کا استعفیٰ جیو نیوز کو موصول ہوگیا، انہوں نے استعفیٰ نگران وزیر اعلیٰ کے نام لکھا ہے۔

استعفے کے متن کے مطابق کچھ ذاتی امور کے باعث نگران وزیر کا عہدہ نہیں سنبھال سکتا، اس لیے میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں۔

استعفے میں شاہد خٹک نے کہا ہے کہ مجھے اپنے ٹیم کا حصہ بنانے پر میں آپ کا مشکور ہوں، آپ کے ساتھ کام کرنے سے میں نے بہت کچھ سیکھا ہے۔

انہوں نے استعفیٰ چیف سیکرٹری کو بھی ارسال کیا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کی عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جلسے میں شرکت اور خطاب پر نوٹس لیا تھا اور انہیں وزارت سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

شاہد خٹک کا تعلق عوامی نیشنل پارٹی سے ہے۔

مزید خبریں :