ایف بی آر نے پی آئی اے کے تمام اکاؤنٹس منجمد کردیے، فیول نہ ہونے پر پروازیں منسوخ

فیول نہ ملنے کے باعث ملتان سے جدہ کی پرواز پی کے 739 بھی متاثرہ پروازوں میں شامل ہے: ذرائع— فوٹو:فائل
فیول نہ ملنے کے باعث ملتان سے جدہ کی پرواز پی کے 739 بھی متاثرہ پروازوں میں شامل ہے: ذرائع— فوٹو:فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واجبات کی عدم ادائیگی پر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے اکاؤنٹس ایک بار پھر منجمد کر دیے۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے پر کئی ماہ کے ٹیکسز پر مبنی 2 ارب سے زائد کے واجبات ہیں،  واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کے 53 اکاؤنٹس گزشتہ برس بھی منجمد کردیے گئے تھے۔

پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے واجبات کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی پر اکاؤنٹس بحال کیے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل نے قومی ائیرلائن کی متعدد پروازوں کو فیول کی فراہمی سے انکار کردیا۔

ایندھن کے حصول میں مشکلات کے باعث آج پی آئی اے کی کراچی سے جانے والی 7 پروازیں منسوخ ہوئیں جن میں کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 370، کراچی سے لاہور کی پرواز پی کے 306، کراچی سے پشاور کی پرواز پی کے 350 شامل ہے۔

پی آئی اے کی کراچی سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 310، پی آئی اے کی کراچی سے بہاولپور، لاہور جانے والی پروازپی کے 302، کراچی سے رحیم یار خان جانے والی پرواز منسوخ ہوئی۔

اسلام آباد سے کراچی کی پرواز پی کے 309 اور کراچی سے ملتان کی پرواز پی کے 330 تاخیر کا شکار ہے جبکہ ملتان سے جدہ کی پرواز پی کے 739 بھی تاخیر سے روانہ ہوئی۔

ترجمان پی آئی اے کی جانب سے رابطے کے باوجود تاحال مؤقف سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے نے اکاؤنٹس بندش کی تصدیق کی اور کہا کہ اکاؤنٹس کی بحالی کیلئے ایف بی آر سے حکومتی سطح پر رابطے جاری ہیں، اکاؤنٹس بندش کے باوجود فضائی آپریشن جاری ہے۔

مزید خبریں :