01 اگست ، 2023
خیبر پختونخوا کے سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر کی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) میں سرکاری افسر سے ہاتھا پائی ہوگئی۔
محکمہ پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے چیف رورل ڈویلپمنٹ حامد نوید نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر سیکرٹری پی اینڈ ڈی آفس میں بیٹھے تھے کہ مجھے بلایا، اقبال وزیر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان کے لیے فنڈز مانگ رہے تھے۔
حامد نوید نے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز پر الیکشن کمیشن نے پابندی لگائی ہے، اپنے وزراء اور حکام کے لیے بھی وہ فنڈز ہم نہیں فراہم کر سکتے ۔
انہوں نے کہا کہ میرے معذرت کرنے پر اقبال وزیر سیخ پا ہوئے اور گالم گلوچ شروع کی، اقبال وزیر کے ساتھ 4 مسلح افراد بھی تھے جنہوں نے مجھ پر حملہ کیا۔
حامد نوید نے بتایا کہ اقبال وزیر نے اپنے لوگوں کے ساتھ مجھ پر تشدد کیا ، میرا چہرا زخمی ہوا، اقبال وزیر نے سیکرٹری پی اینڈ ڈی کے ساتھ بھی تلخ کلامی کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم پر تشدد کرنے پر ملازمین اور ایسوسی ایشن والوں نے احتجاج شروع کیا، جس کے بعد نگران مشیر تعلیم رحمت سلام خٹک، پولیس حکام اور سیکرٹریٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں پر مشتمل ایک جرگہ بنایا گیا جس میں سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر نے معافی مانگ لی۔
پولیس نے اس معاملے پر جیو نیوز کو مؤقف دیا کہ سول سیکرٹریٹ میں سابق وزیر اقبال وزیر اور چیف رورل ڈویلپمنٹ کے مابین پہلے تلخ کلامی میں ہاتھاپائی ہوئی جس کے بعد اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ اور ایس پی سکیورٹی سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے۔
پولیس نے بیان دیا کہ پولیس نے سالسی کا کردار ادا کرتے ہوئے دونوں فریقین کے مابین صلح کروادی۔
دوسری جانب سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سیکرٹری نے ہی بات کرنے کے لیے بلایا تھا، اگر ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز پر پابندی عائد تھی تو مجھے بلاتے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کسی کے ذریعے بتایا گیا تھا کہ پی این ڈی حکام 12 فیصد کمیشن مانگ رہے ہیں، میں نے اس بات کی تصدیق کے لیے چیف آر ڈی کے سامنے بات کی تو وہ غصے میں اٹھ کر چلے گئے اور باہر میرے پی ایس کے ساتھ لڑائی کرنے لگے۔
اقبال وزیر نے کہا کہ میں اپنے حلقے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے گیاتھا نہ کہ لڑائی کرنے کے لیے۔
پی این ڈی حکام نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے کوئی کمیشن مانگا ہے تو وہ الزام تراشی کے بجائے ثبوت پیش کریں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے سابق وزیر ریلیف اقبال وزیر پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم پی رہ چکے ہیں، اقبال وزیر نے 9 مئی واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف سے کنارہ کشی اختیار کی، اقبال وزیر حال ہی میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں پرویز خٹک کے ہمنوا ہوئے ہیں۔