Time 02 اگست ، 2023
پاکستان

عمران خان کے اسپتال میں علاج کو کبیرہ گناہ سمجھتا ہوں: اکرم درانی

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما اکرم درانی کا کہنا ہے میری طبیعت سے متعلق عجیب عجیب باتیں پھیلائی گئیں، عمران خان کے اسپتال (شوکت خانم) میں زیر علاج رہنے کو کبیرہ گناہ سمجتھا ہوں۔

اپنے ویڈیو بیان اکرم درانی نے کہا کہ عید سے ایک روز قبل میری کمر میں درد ہوا، اسلام آباد میں ڈاکٹر کو چیک کروایا اور ایکسرے کروائے، ڈاکٹرز نے مجھے ایک ماہ تک مکمل آرام کا مشورہ دیا جس کے بعد سے میں گھر پر ہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری صحت کے حوالے سے عجیب عجیب باتیں پھیلائی گئیں، کہا گیا میں دبئی میں ہوں لیکن میں پشاور میں اپنے گھر پر اور صحتمند ہوں۔

اکرم درانی کا کہنا تھا یہ بھی کہا گیا کہ میں عمران خان کے اسپتال (شوکت خانم اسپتال) میں زیر علاج ہوں، میں عمران خان کے اسپتال میں زیر علاج رہنے کو کبیرہ گناہ سمجھتا ہوں، ان کے اسپتال کو جہاں سے رقم آتی ہے وہ ہمیں معلوم ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کے لوگ میرے ساتھ راستہ نکالنے کے لیے رابطے کر رہے ہیں میں اپنی جماعت کے ساتھی اور دوستوں سے کہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے لوگوں سے بحث نہ کریں، پی ٹی آئی کے لوگ حد سے گرے اور مرے ہوئے لوگ ہیں، پی ٹی آئی کارکنان اس وقت لاشوں کی طرح ہے، یہ لوگ کسی نہ کسی طریقے سے خود کو زندہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا مجھے یقین ہے کہ اللہ اس گمراہی کے خاتمے تک ہمیں زندہ رکھے گا، باجوڑ سانحہ بہت بڑا ہے، بیڈ ریسٹ کی وجہ سے زخمیوں کی عیادت نہ کر سکا، 10 دن بعد دوبارہ سیاسی سرگرمیاں شروع کروں گا۔

مزید خبریں :