05 جنوری ، 2013
لندن…پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرعلامہ طاہرالقادری نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے فون پرگفتگوکی اورموجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بعض سیاسی رہنما کہہ رہے ہیں کہ شیخ الاسلام الیکشن ملتوی کرانے اورجمہوری نظام کوڈی ریل کرانے آئے ہیں۔اس پر الطاف حسین نے کہاکہ ڈاکٹرطاہرالقادری الیکشن ملتوی کرانے نہیں بلکہ فرسودہ جاگیردارانہ نظام اورلوٹ مار،کرپشن ،کروڑوں،اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے کاکلچرختم کرانے اورانتخابی نظام میں اصلاحات کرانے پاکستان تشریف لائے ہیں لہٰذاجولوگ ان پرطرح طرح کی تہمتیں لگارہے ہیں وہ دراصل اسٹیٹس کوبرقراررکھناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرطاہرالقادری کئی بارواضح الفاظ میں کہہ چکے ہیں کہ وہ الیکشن کاالتواء ہرگزنہیں چاہتے اورملک میں جمہوری نظام کاتسلسل چاہتے ہیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ملک سے فرسوہ جاگیردارانہ نظام کی تبدیلی کیلئے گزشتہ 35برسوں سے جدوجہدکررہی ہے اوراس نے اس مقصدکیلئے ہر جماعت سے اشتراک کیا لیکن کسی نے بھی فرسودہ نظام کوختم نہیں کیا۔اب ڈاکٹرطاہرالقادری صاحب ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام ، موروثی سیاسی کلچر ، لوٹ ماراورکرپشن کے خاتمہ کیلئے میدان عمل میں آئے ہیں توہم نظریاتی ہم آہنگی کی وجہ سے انکی حمایت کررہے ہیں۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے الطاف حسین کے خیالات کی تائید کی اورکہاکہ یہ باہمی تعاون ظالم جاگیرداروں کے جبروتسلط کے خاتمہ اور محروم عوام کوانکے حقوق دلانے کیلئے ہے اورانشاء اللہ یہ تعاون جاری رہے گا۔