04 جنوری ، 2013
کراچی…مجلس وحدت مسلمین پاکستان ک جانب سے جمعہ کو سانحہ مستونگ اور کراچی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا جبکہ ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام کراچی میں جامع مسجد خواجہ اثنا عشری کھارادر ،جامع مسجد نورایمان ناظم آباد ،جامع مسجد دربار حسینی ملیر برف خانہ ،جامع مسجد مصطفی عباس ٹاون ،جامع مسجدحیدری اورنگی ٹاون میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق رضا تقوی،مولانا احمد اقبال ،مولانا آغا شیخ حسن صلاح الدین ،مولانا محمد حسین کریمی ،مولانا عیساقرآئتی مولانا اصغر جوادی ،مولانا منور نقوی،مولانا علی افضال نے کہا کہ ملت جعفریہ لاشوں پر لاشیں اٹھانے کے باوجود ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے صبر و تحمل سے کام لے رہی ہے، اگر ہمارے جوانوں نے ہتھیار اٹھا لیے تو پھر سب کچھ جل کر راکھ ہو جائے گا، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماوں نے مزید کہا کہ ملک کے کونے کونے میں بے گناہ مسلمانوں کو خون میں نہلایا جا رہا ہے لیکن حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مبینہ طور پر خاموشی اختیارکر رکھی ہے۔علماء کرام کا کہنا تھا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ ہماری آزاد عدالتوں کو ایک تھپڑ تو نظر آ جاتا ہے لیکن سینکڑوں بے گناہ انسانوں کا خون نظر نہیں آتا،جبکہ ملک کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں بھی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔