Time 08 اگست ، 2023
پاکستان

لاہور:گارڈ نے روکنے کی جرات کیسےکی؟ ڈبل کیبن گاڑی میں سوار مسلح افراد کا معمر گارڈ پر تشدد

لاہورکے ڈیفنس کمرشل ایریا میں سکیورٹی گارڈ پر تشدد کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی میں درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمہ متاثرہ معمر گارڈ عباس علی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جبکہ مسلح افراد کے بزرگ گارڈ پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی  ہے ۔

ایف آئی آر کے مطابق کلب کے داخلی دروازے پر ایک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی،  ڈبل کیبن گاڑی میں سوار افراد گاڑی کو زبردستی انٹری گیٹ سے باہر لے گئے اور پھرگاڑی میں سوار 5 مسلح افراد نے گارڈ پر تشدد کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

ایف آئی آر  میں کہا گیا ہے کہ جان سے مارنے کی نیت سے سکیورٹی گارڈ پر سیدھے فائر بھی کیے لیکن خوش قسمتی سے جانی نقصان نہیں ہوا، دوسرے سکیورٹی گارڈ جہانزیب اور شاکر علی نے بچانے کی کوشش کی تو ان پر بھی تشدد کیا گیا۔

پانچوں افراد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے سفید رنگ کے ڈالے میں فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 2 روز پہلے کا ہے، اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

مزید خبریں :