Time 09 اگست ، 2023
پاکستان

وفاقی سرکاری ملازمین کے ڈیلی اور سفری الاؤنس میں 50 فیصد تک اضافہ کردیاگیا

گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین کے سفری اور ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد رواں سال یکم جولائی سے ہی ہوگا/ فائل فوٹو
 گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین کے سفری اور ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد رواں سال یکم جولائی سے ہی ہوگا/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کے سفری اور ڈیلی الاؤنس میں اضافہ کردیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین کے سفری اور ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد رواں سال یکم جولائی سے ہی ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 22کے افسر کا ڈیلی الاؤنس 7200، گریڈ 21 کا 6 ہزار، گریڈ 20 اور 19 کا 4920، گریڈ 18اور 17کا 3840، گریڈ 16 سے 12 کا 2160 جب کہ گریڈ 11 سے 5 کے ملازم کا ڈیلی الاؤنس 1320 روپے ہوگا۔

سرکاری ملازمین کے لیے ٹرانسپورٹ الاؤنس میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ٹرانسپورٹ الاؤنس میں کارکے لیے 7.50 روپے اور موٹر سائیکل کے لیے 3.75 روپے فی کلو میٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ذاتی کارکے استعمال کی صورت میں سفری الاؤنس 15روپے اور موٹرسائیکل کے استعمال کی صورت میں 6 روپے فی کلومیٹر کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  ٹرانسپورٹ اور ڈیلی الاؤنس بڑے شہروں کے لیے نافذ العمل ہوگا۔

مزید خبریں :