Time 12 اگست ، 2023
پاکستان

کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں دو بھائیوں کو زخمی کرنے کے کیس میں ایس ایچ او بے گناہ قرار

27 جولائی کو الفلاح تھانے کی حدود میں جعلی پولیس مقابلے میں دو نوجوان زخمی ہوئے جو دونوں میٹرک کے طالب علم ہیں/ فائل فوٹو
27 جولائی کو الفلاح تھانے کی حدود میں جعلی پولیس مقابلے میں دو نوجوان زخمی ہوئے جو دونوں میٹرک کے طالب علم ہیں/ فائل فوٹو

کراچی: پولیس نے میٹرک کے 2 طلبا کو مبینہ جعلی مقابلے میں زخمی کرنے کے کیس میں ایس ایچ او الفلاح کو بے گناہ قرار دیدیا۔

کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں  میٹرک کے 2 طلباکو مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں زخمی کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں کیس کے تفتیشی افسر نے ابتدائی تحقیقات کے بعد ایس ایچ او الفلاح کوبےگناہ قراردے دیا۔

تفتیشی افسر کی رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ دوران تفتیش ایس ایچ او ہدایت حسین کے خلاف شواہد نہیں ملے ، ایس ایچ او محرم الحرام کی ڈیوٹی پر تھے، ان کے کال ڈیٹا ریکارڈ سے ثابت ہوا کہ ان کا دیگر ملزمان سے رابطہ نہیں تھا۔

رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او ہدایت حسین پر سہولت کاری کا الزام ثابت نہیں ہوتا جب کہ مدعی مقدمہ پرویز نے بھی ایس ایچ او کی رہائی پر نو ابجیکشن کا حلف نامہ دے دیا۔

مدعی مقدمہ نے کہا کہ ایس ایچ او کا نام غلطی سے دیا تھا ۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر سے کیس کا چالان طلب کرتے ہوئے سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔

واضح رہےکہ 27 جولائی کو الفلاح تھانے کی حدود میں جعلی پولیس مقابلے میں دو نوجوان زخمی ہوئے جو دونوں میٹرک کے طالب علم ہیں۔

مبینہ جعلی پولیس مقابلے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا۔

مزید خبریں :